تحریر: حکیم مزمل رفیقی – صحت کدہ
قدرت کی بہت سی چھوٹی چھوٹی نعمتیں، جو بظاہر معمولی دکھائی دیتی ہیں، درحقیقت انسان کی بڑی بڑی تکالیف کا آسان علاج اپنے اندر رکھتی ہیں۔لیکن ہم اکثران چیزوں کی اس اہمیت سے اس طرح آگاہ نہیں ہوتے۔ اجوائن دیسی بھی ایسی ہی ایک نعمت ہے جو تقریباً ہر باورچی خانے میں موجود ہوتی ہے، مگر اس کے طبی فوائد سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔ خوشبو دار، تیز ذائقے والی یہ بیج نما چیز نہ صرف کھانوں کو لذت دیتی ہے بلکہ کئی بیماریوں کو جڑ سے ختم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔اجوائن دیسی کا استعمال صدیوں سے طبِ یونانی، آیوروید ک اورطبِ اسلامی میں ہوتا رہا ہے۔ بزرگوں کے گھریلو نسخوں میں اجوائن ایک مستقل جز رہی ہے۔ چاہے پیٹ کا درد ہو، گیس ہو، بدہضمی ہو یا کھانسی، اجوائن کو چٹکی بھر لے کر پانی کے ساتھ کھا لیا جاتا تھا اور فائدہ فوراً نظر آتا تھا۔اجوائن کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ نظامِ ہضم کو بہتر بناتی ہے۔ گیس، اپھارہ، بدہضمی اور قبض جیسے مسائل میں یہ فوری آرام دیتی ہے۔ اجوائن کے بیجوں میں قدرتی روغن ہوتا ہے جو پیٹ کی سوجن کو کم کرتا ہے اور غذا کو بہتر طریقے سے ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے۔یہ نہ صرف معدہ بلکہ جگر اور گردوں کی صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے۔ اجوائن خون صاف کرتی ہے، اور گردوں میں اگر پتھری کے آثار ہوں تو اسے بھی رفتہ رفتہ تحلیل کردیتی ہے۔وہ لوگ جو جوڑوں کے درد، پٹھوں کی اکڑاہٹ یا اعصابی کمزوری میں مبتلا ہیں، وہ اجوائن کا تیل مالش کے لیے استعمال کریں، حیران کن فوائدملیں گے۔ یہ تیل پرانے بخار، کھانسی اور سینے کے درد میں بھی مالش کے طور پر کام آتا ہے۔

اجوائن دیسی کے چند اہم فوائد درج ذیل ہیں:
- اجوائن دیسی پیٹ درد کے لیے نہایت مفید ہے۔
- معدے میں جمع شدہ ریاح اور گیس (Flatulence and Abdominal Distension) کو فوراً خارج کرتی ہے۔
- جگر اور گردوں کی سردی کے لیے مؤثر دوا ہے۔ اور گردہ میں ہونے والی درد (Renal Colic)کو فوری آرام دیتی ہے۔
- جسم میں موجود ہر قسم کے سدّے (Blockages)کھولتی ہے، اور خون کو پتلا بھی کرتی ہے۔
- دل کی شریانوں میں جمع مواد(Arterial Plaque) کو تحلیل کرکے امراضِ قلب سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
- گردوں کے سدے (Renal Blockages)، جو اکثر بلڈ پریشر کا باعث بنتے ہیں، کے لیے بہترین دوا ہے۔
- گردے کی پتھری (Kidney Stone) اور جگر و طحال کی سختی (Hepatosplenomegaly) کو دور کرتی ہے۔
- پسینہ لاتی ہےاور ہر قسم کے بخار و درد کو ختم کرتی ہے۔
- جلد پر نکلنے والے دانے، خارش اور دیگر جلدی مسائل کا بہترین علاج ہے۔
- برص (Vitiligo) جیسے پیچیدہ جلدی مرض میں مفید پائی گئی ہے۔
- بدن میں موجود غلیظ رطوبات اور جمی ہوئی بلغم کا اخراج کرتی ہے۔
- بھوک کو بڑھاتی اور ہاضمہ کو درست کرتی ہے۔
- جگر کو طاقت فراہم کرتی ہے اور جگر کی چربی (Fatty Liver) کا خاتمہ کرتی ہے۔
- سرد موسم میں پیشاب کی زیادتی (Polyuria) کے مسئلے میں فائدہ دیتی ہے۔
- بچوں اور بڑوں کے پیٹ میں موجود کیڑے (Intestinal Worms) مارکر جسم سے خارج کرتی ہے۔
- تعفن کو دور کرتی ہے اور بدن کو خوشبودار بناتی ہے۔
- بیرونی طور پر پیس کر لیپ کرنے سے درد اور سوزش (Pain & Inflammation) میں آرام دیتی ہے، اور پھوڑوں کو تحلیل کرتی ہے۔
- بچھو کے ڈنگ پر اجوائن کا لیپ فوری آرام دہ ثابت ہوتا ہے۔

اجوائن دیسی کا ایک آسان سا نسخہ جو اوپر بیان کیے گئے فوائد کا حامل ہے:
ھوالشافی:
اجوائن دیسی 100 گرام
پودینہ خشک 50گرام
نمک سیاہ 25گرام
زنجبیل 50گرام
ترکیب تیاری:
تمام اجزاء کو پیس کر ایک باریک پاؤڈر بنا لیں۔
مقدارِ خوراک واستعمال:
دو، دو گرام تک دن میں تین بار ہمراہ نیم گرم پانی۔
نوٹ: ان اجزاء (ماسوائے نمک)کا قہوہ بنا کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔